اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری علی شمخانی نے کہا ہے کہ عراق جانے والے ایرانی زائرین کی بہت زیادہ تعداد کی آمد رفت کے باوجود ایران کی تمام سرحدیں محفوظ ہیں۔
علی شمخانی نے ایران کی جنوب مغربی سرحدوں کی صورتحال کا جائزہ لینے کے موقع پر آج شلمچہ کی بین الاقوامی سرحد کا دورہ کیا اور مہر خبر رساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے تاکید کی کہ ایران کے سرحدی محافظ رات دن اپنی سرحدوں کی نگرانی کر رہے ہیں اور آج اسلامی جمہوریہ ایران دفاعی اور سکیورٹی کے لحاظ سے بہترین پوزیشن میں ہے۔ علی شمخانی نے حضرت امام حسین ع کے چہلم کی مناسبت سے کربلا میں کی جانے والی عزاداری میں ایرانی عوام کی وسیع پیمانے پر شرکت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ تکفیریوں اور سلفیوں نے بے گناہ انسانوں کے قتل عام کے ذریعے اپنے ناجائز مقاصد حاصل کرنے کی کوشش کی لیکن حضرت امام حسین ع کے چہلم کی عزاداری میں وسیع پیمانے پر اہل تشیع کی شرکت کی وجہ سے ان کے منصوبے خاک میں مل گۓ اور یہ بات ثابت ہوگئي کہ ان کی جانب سے دی جانے والی دھمکیاں شیعوں کے دلوں میں ذرہ برابر خوف پیدا نہیں کرسکتی ہیں۔
واضح رہے کہ اب تک چودہ لاکھ ایرانی حضرت امام حسین کے چہلم کی مناسبت سے کربلا میں کی جانے والی عزاداری میں شرکت کی غرض سے عراق کی سرزمین میں داخل ہوچکے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲